نئی دہلی،5؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہا کہ مرکزی حکومت دیہی اور زرعی شعبے پر خاص طور پر توجہ دے رہی ہے اور ان پر 2,90,000کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔لوک سبھا میں سوال کے دوران پریم سنگھ چندوماجرا، دیواکر ریڈی، گوپال ریڈی اور محمد سلیم کے سوالات کے جواب میں جیٹلی نے کہا کہ زرعی شعبے کو تعاون کی ضرورت پڑتی ہے۔حکومت دیہی اور زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔دیہی اور زرعی شعبے پر 2,90,000کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔کسانوں کی مدد سے منسلک سوال پر انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتیں کسانوں کی مدد کے لئے تجویزبھیجتی ہیں اور مرکز ان پر غور کرتا ہے اور پھر ایک خاص تناسب میں مدد دی جاتی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اس مالی سال میں کھاد پر 70,000کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔